05 جنوری ، 2020
شوبز کو خیرباد کہنے والی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے سال نو کے آغاز پر مذہبی تعلیمات پر عمل اور اسے پھیلانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
گزشتہ برس رابی پیرزادہ اپنی مخلتف ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے کے باعث سوشل میڈیا کی زینت بنی رہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے شوبز کو خیرباد کہنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
گلوکارہ نے کہا تھا کہ ’میں رابی پیر زادہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرتی ہوں، اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کو معاف کرے‘۔
تاہم اب رابی پیرزادہ نے سال نو کے آغاز پر انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہیں قرآن پاک ترجمے کے ساتھ پڑھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ رابی پیرزادہ ایک مذہبی شخصیت کی رہنمائی میں قرآن پاک کی تلاوت کر رہی ہیں اور ترجمے کے ساتھ پڑھ رہی ہیں۔
مذکورہ ویڈیو کی وضاحت دیتے ہوئے رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ کب سے میں لائیو قرآن پاک کی تلاوت کر رہی ہوں، مگر سال نو میں مجھے دین سیکھنا اور پھیلانا ہے اور وہ بھی ترجمے کے ساتھ۔
ویڈیو میں رابی پیرزادہ نے پیغام دیا کہ اللہ نے ہمیں مسلمان پیدا کیا ہے تو ہمیں مسلمان بن کے دکھانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب مذاہب کا احترام کرتے ہیں لیکن جن لوگوں کے پاس اسلام کی تعلیمات نہیں ہیں چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں وہ ایک بار اسلام کے بارے میں ضرور جانیں۔ جزاک اللہ!
رابی پیرزادہ نے کہا کہ ’کچھ وقت اللہ کو دے کر دیکھیں کیا پتا آپ کی زندگی بدل جائے، اللہ ہم سب کو ہدایت دے‘۔
رابی پیرزادہ کی جانب سے اسلامی تعلیمات سیکھنے اور اسے پھیلانے کے عمل کو کچھ مداحوں نے قابل ستائش قرار دیا اور ان کو دعائیں دیں۔