06 جنوری ، 2020
تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت ٹوئٹر پر اداکارہ مہوش حیات سے الجھ پڑے۔
مہوش حیات سوشل میڈیا پر سماجی و سیاسی مسائل پر اپنے رائے اور نظریات کا اظہار کرنے میں کبھی پیچھے نہیں رہتیں۔
حال ہی میں مہوش حیات نے ٹوئٹر پر کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر مذمت کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا تھا جس کے جواب میں عامر لیاقت حسین نے اداکارہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
عامر لیاقت نے اداکارہ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’ تمغہ امتیاز کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آئٹم گرل امتیازی بیانات دیں، اُنہیں پاکستان کی پالیسی کے ساتھ چلنا چاہئیے اور ویسے بھی قاسم سلیمانی اگر حیات ہوتے تو کیا ایران میں انہیں پرفارم کرنے بلاتے؟‘۔
اینکر پرسن و سیاسی رہنما عامر لیاقت کا اداکارہ کو ’آئٹم گرل‘ کہنا مہنگا پڑ گیا اور مہوش حیات نے بھی عامر لیاقت کی تنقید کا بھرپور جواب دیا۔
اداکارہ نے اپنے جواب میں عامر لیاقت کوکہا کہ یہ ’’ٓآئٹم گرل‘‘اپنی رائے اظہار کا کرنے کے لیے اپنا جمہوری حق استعمال کر رہی ہے جب کہ آپ اس معاملے کو ذاتی بنا رہے ہیں‘۔
اداکارہ نے عامر لیاقت کو کہا کہ ’مرد بنیں! ویسے اس مقدمے کا کیا ہوا جو آپ نے میری فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کے خلاف دائر کیا تھا، میں انتطار کر رہی ہوں‘۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے ٹوئٹر پر ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’یقین نہیں ہو رہا کہ نئے سال کے 72 گھنٹے گزرنے کے بعد ہی دنیا جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے‘‘۔
یاد رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ عامر لیاقت حسین نے اداکارہ مہوش حیات کو تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ اس سے قبل بھی انہوں نے ایوارڈ شو کی تقریب میں مہوش حیات کے پرفارمنس پر تنقید کی تھی۔
دوسری جانب عامر لیاقت حسین نے اداکارہ کی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا جب کہ انہوں نے اس سے قبل اداکارہ کو تمغہ امتیاز ملنے پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا۔