Time 08 جنوری ، 2020
دنیا

جنرل قاسم سلیمانی کرمان میں سپردخاک

کرمان: عراق میں امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے ایران کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کو سپردخاک کردیا گیا۔

جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین گزشتہ روز ان کے آبائی شہر کرمان میں ہونی تھی لیکن تدفین کے جلوس میں رش کے باعث بھگدڑ مچ گئی جس سے 50 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔

جلوس میں بھگدڑ کے باعث تدفین کو مؤخر کردیا گیا تھا تاہم آج جنرل قاسم سلیمانی کو کرمان میں سپردخاک کردیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا سےبدلہ لیتے ہی جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین کی گئی ہے۔

ایران کا امریکی فوجی اڈوں پر حملہ

علاوہ ازیں ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے  عراق میں امریکیوں کے زیر استعمال فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے ہیں جس کی تصدیق امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کی جانب سے بھی کی جا چکی ہے۔

حملہ پاسداران انقلاب کی جانب سے زمین سے زمین پر مار کرنے والے درجنوں میزائل داغے گئے جب کہ حملے میں عراقی فوجی اڈوں عین الاسد،اربیل اور تاجی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں کا نشانہ بنائےجانے والے مقامات پر امریکی اور دیگر اتحادی ملکوں کے فوجی تعینات ہیں تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

خیال رہے کہ ایران نے عراق میں جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد امریکا سے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے اور پاسداران انقلاب نے کہا ہےکہ وہ جلد امریکا کی اس عارضی خوشی کو سوگ میں تبدیل کر دیں گے۔

مزید خبریں :