Time 08 جنوری ، 2020
دنیا

'امریکا اور ایران عراق کو اپنے تنازعات کے حل کا میدان نہ بنائیں'

 عراق کی سلامتی کو درپیش خطرات اور ملکی استحکام کے لیے قومی اتفاق رائے ناگزیر ہے،اسپیکر،فوٹو: محمد الحلبوسی فیس بک آفیشل 

عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے  عراقی سرزمین پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  فریقین عراقی سرزمین کو اپنے مسائل کےتصفیے کے لیے استعمال کرنے سے گریز کریں۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر اپنے بیان میں عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے کہا ہے کہ ہم ایران کی جانب سے عراق کی خود مختاری کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں،عراقی حکومت ملکی سرزمین کی سلامتی اور خودمختاری یقینی بنانے  کے ساتھ تنازع سے دور رہنےکے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا ہےکہ عراق کی سلامتی کو درپیش خطرات اور ملکی استحکام کے لیے قومی اتفاق رائے ناگزیر ہے۔

محمد الحلبوسی نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر مین فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ  عراقی سرزمین کو اپنے باہمی مسائل کےتصفیے کے لیے استعمال کرنے سے گریز کریں۔

ایران نے امریکی فوج پر حملے سے پہلے آگاہ کیا تھا،عراقی وزیراعظم

دوسری جانب  عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کا کہنا ہےکہ ایران نے امریکی فوجی اڈوں پر حملے سے پہلے عراق کو آگاہ کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی طرف سے کسی حتمی مقام کی نشاندہی نہیں کی گئی تھی بلکہ صرف امریکی فوجیوں پر حملے سے آگاہ کیا گیا تھا۔

عادل عبدالمہدی نے مزید کہا کہ یہ انتہائی خطرناک بحران عراق، خطے اور دنیا کے لیے تباہ کن جنگ کے خطرات ہیں۔

ایران کا امریکی فوجی اڈوں پر حملہ، 80 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ

خیال رہے کہ ایران نے القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے انتقام کے طور پر عراق میں 2 امریکی فوجی اڈوں پر 22 بیلسٹک میزائلوں سے  حملہ کیا ہے  جس میں ایران کی جانب سے 80 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم امریکا کی جانب سے ابھی تک کسی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں کا نشانہ بنائےجانے والے مقامات پر امریکی اور دیگر اتحادی ملکوں کے فوجی تعینات ہیں۔

ایرانی مسلح فورسز کے چیف میجر جنرل محمد باقری کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نے دوبارہ کوئی حملہ کیا تو جواب مزید سخت اور زیادہ بھیانک ہوگا۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جوابی کارروائی کو امریکا کے منہ پر طمانچہ قرار دے دیا ہے  جب کہ میزائل حملے کے بعد تہران میں عوام نے جشن بھی منایا۔

مزید خبریں :