Time 08 جنوری ، 2020
دنیا

متعدد ممالک کا ایران اور عراق کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

روسی فضائی کمپنیوں کو ایران، عراق سمیت عرب ممالک اور خلیج عمان نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے— فوٹو: فائل

عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر ایران کے میزائل حملوں کے بعد کئی ملکوں کی فضائی کمپنیوں نے اپنے روٹ تبدیل کرلیے۔

روسی فیڈرل ایجنسی برائے ہوابازی نے ایران اور عراق کی فضائی حدود نہ استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

روسی فضائی کمپنیوں کو ایران، عراق سمیت عرب ممالک اور خلیج عمان نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

روسی فضائی کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں کیلئے ٹرانزٹ پروازیں بھی نہ چلائیں۔

جن دیگر فضائی کمپنیوں نے اپنے روٹس تبدیل کیے ان میں ایمریٹس ائیرلائن، فلائی دبئی، ائیرفرانس، آسٹریلیا کی قنطاس ائیر ویز، برٹش ائیرویز ، سنگاپور ائیرلائنز، ملائیشین ائیرلائنز، ائیر کینیڈا اور تائیوان کی چائنا ائیرلائنز شامل ہیں۔

خیال رہے کہ 3 جنوری 2020 کو ایران کے اہم ترین کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی گاڑی کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ کے قریب امریکی صدر کے حکم پر نشانہ بنایا گیا اور ان کی گاڑی پر ڈرون کے ذریعے راکٹ فائر کیے گئے جس میں قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے۔

میجر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے اور خطے پر جنگ کے بادل منڈلارہے ہیں۔

اسی دوران آج ایران میں یوکرین کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار عملے کے افراد سمیت تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کا بوئنگ 737 طیارہ تہران کے قریب گر کر تباہ ہوا۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق طیارہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہونےکا خدشہ ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :