Time 09 جنوری ، 2020
دنیا

قاسم سلیمانی کے ہاتھ ہمارے فوجیوں کے خون سے رنگے تھے: برطانوی وزیراعظم

فوٹو: اے پی_برطانوی وزیراعظم بورس جانسن

لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے امریکی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ سلیمانی کے ہاتھ برطانوی فوجیوں کے خون سے رنگے تھے۔

برطانوی دارالعوام میں اظہار خیال کرتے ہوئے بورس جانسن نے حالیہ کشیدگی پر اپنے اتحادی ملک امریکا کی حمایت کی اور قاسم سلیمانی پر حملے کو درست قرار دیا۔

جب کہ اس موقع پر برطانوی وزیراعظم نے اراکین کو بتایا کہ سلیمانی کے قتل کے بعد ایران کے عراق پر میزائل حملوں میں کوئی برطانوی زخمی نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ وہ سب کچھ کررہا ہے جس سے خطے میں برطانوی مفادات کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عراق میں امریکی فوج پر ایرانی حملے انتہائی لاپرواہی اور خطرناک تھے، ایران کو اب ایسی لاپرواہی اور خطرناک حملے دُہرانا نہیں چاہئیں اور دونوں ممالک کو فوری طور پر کشیدگی کم کرنی چاہیے۔

برطانوی وزیراعظم نے الزام لگایا کہ جنرل قاسم سلیمانی یمن اور ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی تحریک اور حزب اللہ کو مسلح کرنے میں ملوث تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنرل سلیمانی نے شام کے صدر بشارالاسد کی حکومت کی بھی معاونت کی جس کا برطانوی فوجیوں پر حملے میں کردار ہے۔

بورس جانسن کا کہنا تھا کہ انتہائی ذمہ دار لوگ یہ قبول کریں گے کہ امریکا کو اپنے فوجی اڈوں اور لوگوں کے تحفظ کا اختیار حاصل ہے۔

مزید خبریں :