اچھا یا برا؟ گوگل کا کروم براؤزر میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ

— گوگل فوٹو

گوگل نے اپنے حریف فائر فاکس کی تقلید کرتے ہوئے کروم براؤزر کے نئے ورژن میں آئندہ ماہ صارفین کو بار بار تنگ کرنے والے نوٹیفکیشنز کو 'دبانے' کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ویب براؤزرز پر تقریباً تمام ویب سائٹس ہر آنے والے شخص سے نوٹیفکیشن آن کرنے کی اجازت طلب کرتی ہیں اور یہ ونڈو اس وقت تک سامنے کھلتی رہتی ہے جب تک وہ ہاں یا نا کا انتخاب نہ کر لیں۔

گوگل کے پراڈکٹ منیجر پی جے مکلیکللن نے گوگل کے آفیشل بلاگ پر لکھا ہے کہ کروم 80 میں صارفین سے نوٹیفکیشن آن کرنے کی ایک نئے اور خاموش انداز سے درخواست کی جائے گی اور یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ صارفین تنگ نہ ہوں اور نوٹیفکیشنز کی افادیت برقرار رہے۔

صارفین کو تنگ کرنے والی نوٹیفکیشن ونڈو

یاد رہے کہ کروم کا نیا ورژن کروم 80 آئندہ ماہ 4 فروری کو ریلیز کیا جائے گا۔

کروم کے اس اعلان سے قبل ہی فائر فاکس اپنے ورژن  72 براؤزر میں یہ تبدیلی کر چکا ہے اور اب فائر فاکس صارفین کو نوٹیفکیشن کی درخواست الگ ونڈو کے بجائے چھوٹے سے کارٹون کی صورت میں ملتی ہے جس سے وہ تنگ نہیں ہوتے ہیں اور اسے نظر انداز بھی کر سکتے ہیں۔

اس بات کا فیصلہ اس وجہ سے بھی کیا گیا ہے کہ بہت سے صارفین صرف اس وجہ سے نوٹیفکیشن کی درخواستیں مسترد کر دیتے ہیں کیونکہ درخواست کا موجودہ طریقہ کار انہیں بار بار تنگ کرتا ہے۔

مزید خبریں :