کھیل
Time 09 جنوری ، 2020

ٹیم پاکستان آئے گی یا نہیں؟ بنگلادیشی بورڈ نے حتمی فیصلے کیلئے مزید وقت مانگ لیا

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے حتمی جواب دینے کیلئے مزید ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی ٹال مٹول تاحال ختم نہ ہوسکی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے رابطہ کرکے ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے حتمی جواب دینے کے لیے مزید ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا، تاخیر کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ پریشانی کا شکار ہوگیا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو جمعرات کو اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے فیصلے سے آگاہ کرنا تھا لیکن سارا دن انتطار کے بعد خبر یہ آئی کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیریز کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا اور مزید ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا ہے۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق سیریز کے حوالے سے دونوں بورڈز کے درمیان رابطہ ہوا ہے، بی سی بی نے بتایا کہ انہیں ابھی مزید ایک ہفتہ درکار ہے وہ اگلے ہفتے سیریز کے حوالے سے آگاہ کر دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی کسی پروپوزل پر بات نہیں ہوئی، نئی پیش رفت پر فی الوقت کوئی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز کے اعلان میں تاخیر پی سی بی کے لیے پریشان کن ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بنگلادیشی بورڈ نے کہا تھا کہ وہ دورہ پاکستان میں صرف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گا ٹیسٹ میچز نہیں جس پر پاکستان نے کہا تھا کہ بنگلادیشی بورڈ پاکستان میں ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے کی وجہ بتائے۔

مزید خبریں :