Time 26 دسمبر ، 2019
کھیل

پاکستان آکر ٹیسٹ نہ کھیلنے کی وجہ بتائی جائے، پی سی بی کا بنگلادیشی بورڈ کو خط

بنگلادیش کی جانب سے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

پی سی بی بنگلہ دیش کے جواب سے غیر مطمئن ہے جس کے بعد اُس نے دوبارہ خط لکھ کر ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے کی وجہ دریافت کی ہے۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے گزشتہ بدھ کو لکھے گئے خط کا جوب دیا ہے جس میں بتایا ہے کہ وہ اس وقت ٹیسٹ میچز نہیں کھیل سکتے البتہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے پانچ دن کیلئے پاکستان آسکتے ہیں۔

خط میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان آکر ٹیسٹ نہ کھیلنے کی وجہ نہیں بتائی جس کے بعد پی سی بی نے بنگلا دیش کو دوبارہ خط لکھا ہے اور ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ دریافت کی ہے۔

پی سی بی نے خط میں تحریر کیا ہے کہ بنگلادیش کی دو ٹیمیں حال ہی میں پاکستان میں سیریز کھیل چکی ہیں، پاکستان اور سری لنکا کی سیریز ہوچکی ہے تو پھر اب ایسی کیا وجہ ہے کہ بنگلادیش ٹیسٹ میچز نہیں کھیل سکتا؟ اگر سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات ہیں تو آزادانہ کنسلٹنٹ سے پوچھا جاسکتا ہے، آئی سی سی سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ اگلے برس مارچ میں بنگلا دیش میں ورلڈ الیون اور ایشیا الیون کے درمیان میچز کے لیے پاکستان کے کھلاڑیوں کو ایشیا الیون میں شامل نہیں کیا جا رہا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ دعوت نامہ ملا تھا لیکن پاکستان سُپر لیگ کے سبب کھلاڑیوں کو بھیجنا ممکن نہیں۔

مزید خبریں :