پاکستان
Time 11 جنوری ، 2020

’وزیراعظم عمران خان این آر او نہ ہونے کی بات کرتے ہیں مگر این آر او تو ہوگیا‘

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) نہ ہونے کی بات کرتے ہیں مگر این آر او تو ہو گیا۔

الحمرا ہال لاہور میں 2 روزہ تھنک فیسٹیول کے افتتاحی سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ  نواز شریف نے پیسے نہیں دیے، 80 ایم این ایز کے ووٹ بیچ دیے، 1985 سے نواز شریف پر اعتبار نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے آرمی ترمیمی ایکٹ پاس کرانے میں پھرتی دکھائی، پیپلز پارٹی ووٹ دینے کے حق میں نہیں تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پر کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں کہ وہ اپنے بیان پر قائم رہیں گے، وہ تو سعودی عرب سے فون آنے پر ہی اپنی بات سے پھِرجاتے ہیں، وہ این آر او نہ ہونے کی بات کرتے ہیں مگر این آر او تو ہوگیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) ترمیمی آرڈیننس جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق  نیب 50 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن اور اسکینڈل پر کارروائی کر سکے گا۔

اس ترمیم آرڈیننس کو اپوزیشن کی جماعتیں وزیراعظم عمران خان کا اپنے دوستوں کو این آر او قرار دیتی ہیں۔

مزید خبریں :