12 جنوری ، 2020
بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کا پاکستان میں ٹیسٹ دو مرحلوں میں کھیلنے کا امکان ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے لیے بنگلا دیش کی ٹیم دو ٹیسٹ کی سیریز پاکستان میں توقع ہے کہ دو مرحلوں میں کھیلے گی۔
اطلاعات کے مطابق بنگلا دیش حکومت نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان کا دورہ مختصر رکھا جائے جس کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ بنگلادیش کی ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہلا ٹیسٹ جو ڈے اینڈ نائٹ ہوگا، کھیل کر وطن روانہ ہو جائے گی۔
راولپنڈی کے دوسرے ٹیسٹ کے لیے مہمان ٹیم چند دن بعد دوبارہ پاکستان آنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے رابطہ کرنے پر تازہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو ایک ہفتے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہی یہ تجویز پیش کی تھی کہ اس انداز میں دو حصوں میں پاکستان آکر دو ٹیسٹ کی سیریز کھیلی جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ صدر بنگلادیش کرکٹ بورڈ نظم الحسن نے اعلان کیا ہے کہ حکومتی ایڈوائس کے مطابق پاکستان میں صرف ٹی ٹوئنٹیز کھیل سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلا دیشی ٹیم پاکستان میں صرف مختصر قیام کرسکتی ہے۔
یاد رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم نے شیڈول کے مطابق رواں ماہ ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے لیکن یہ دورہ اس وقت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
بنگلا دیش ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان میں ہی پہلے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے فیصلے پر قائم ہے۔