13 جنوری ، 2020
یوٹیلٹی اسٹورز کا سامان عام مارکیٹ میں فروخت ہونے کی جیونیوز کی خبر پر وزیراعظم نے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) یوٹیلیٹی اسٹورز سے وضاحت مانگی تو وہ زونل منیجرز پر برہم ہوگئے۔
ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز عمر لودھی نے وزیراعظم کے نوٹس لینے پر اپنا غصہ آڈیو پیغام میں زونل منیجرز پر نکالا۔
صحافیوں کیلئے تضحیک آمیز انداز اختیار کرتے ہوئے زونل منیجرز سے کہا کہ آپ لوگ میڈیا کو ہینڈل نہیں کر پاتے، کسی کا منہ بند کرنا ہو تو 5 کلو چینی یا آٹا دے دو۔
ایم ڈی عمر لودھی نے زونل منیجرز کو پیغام دیا کہ ’وزیر اعظم ہاؤس نے وضاحت مانگی ہے۔، 25/25 سال کا تجربہ رکھنے کے باوجود آپ لوگ میڈیا مینیج نہیں کر پاتے، اس ملک میں منہ بند کرانے کے 10 ہزار طریقے ہیں ، بات سمجھنا چاہتے ہیں تو سمجھ لیں‘۔
عمر لودھی نے مزید کہا کہ ’کسی کا منہ بند کرنا ہو تو پانچ کلو چینی یا آٹا دے دو، پتہ نہیں آپ کو کب عقل آئے گی، وزیراعظم ہاؤس کو کیا وضاحت دوں کہ یہ میری یا میرے عملے کی نالائقی ہے؟ کراچی زونل منیجر اور ریجنل منیجر کو اس کی قیمت ادا کرنا ہو گی، اگر اب کہیں سے منفی تاثر ملا تو متعلقہ زونل منیجر ذمے دار ہوں گے، اگر اب منفی خبر آئی تو برطرفیاں ہونگی‘۔
خیال رہے کہ 7 جنوری کو وزیراعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو چینی، آٹا، گھی اور چاول پر 7 ارب روپے کا ریلیف پیکج دینے کا اعلان کیا تھا۔
11 جنوری کو یہ خبر سامنے آئی کہ وزیراعظم پیکج کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر سستی ملنے والی اشیاء عام مارکیٹ میں فروخت کی جارہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بدین میں گھی، چینی، آٹا اور دیگر سامان کے ٹرک تاجروں کو فروخت کیے گئے ہیں، عام مارکیٹ میں فروخت ہونے والے سامان پر وزیراعظم اسکیم کا مونو گرام بھی موجود ہے۔