کاروبار
Time 13 جنوری ، 2020

گورنر سندھ سے مذاکرات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

ایکسل لوڈ پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا جبکہ ٹرک اڈوں سمیت دیگر مطالبات بھی پورے ہوں گے: ٹرانسپورٹرز رہنما— فوٹو: گورنر سندھ آفیشل 

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے مذاکرات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے 8 روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

گڈز ٹرانسپورٹرز کی 8 روزہ ہڑتال سے ایکسپورٹ تقریباً بند جبکہ امپورٹ کا مال بندرگاہوں تک محصور ہو کر رہ گیا تھا۔

گیس بحران سے پریشان صنعت کاروں کو ہڑتال نے کچھ ایسا داؤ دیا کہ ایکسپورٹرز کو بیرون ملک آرڈرز یا خریدار کھونے کے ڈراؤنے خواب آنا شروع ہوگئے۔

ہڑتال کے آٹھویں روز امپورٹرز، ایکسپورٹرز اور صنعت کاروں کی دعائیں رنگ لے آئیں اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کامیاب مذاکرات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ 

ٹرانسپورٹرز رہنماؤں کے مطابق ایکسل لوڈ پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا جبکہ ٹرک اڈوں سمیت دیگر مطالبات بھی پورے ہوں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ نے ایکسل لوڈ پر کچھ نہ کچھ عمل درآمد کی بات کی اور کہا کہ پورٹ قاسم پر 13 ایکڑ پر مشتمل پارکنگ یارڈ دو مہینے کے اندر تیار ہو جائے گا جبکہ کراچی پورٹ کے لیے مختص پارکنگ یارڈ پر قبضہ ہو چکا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ مخصوص وزن کے کانٹوں کے فائدے کے لیے بند کانٹوں کو جلد کھولا جائے گا جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کے مسئلے بھی جلد حل ہوں گے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹروں کا معاملہ بہت پیچیدہ لگ رہا تھا، کوشش تھی کہ فیصلہ دونوں کے مفاد میں ہو، ہمیں ملک کا پہیہ چلانا ہے،  صنعتکاروں سے بھی مشاورت کی گئی۔

خیال رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے ایکسل لوڈ کنٹرول پر عملدرآمد، روٹ پرمٹ اور ٹوکن فیس میں اضافہ واپس لینے سمیت 10 نکاتی مطالبات کے حق میں ہڑتال کی تھی۔