دنیا
Time 14 جنوری ، 2020

ایران کا یوکرینی طیارے کی تباہی کی تحقیقات کیلئے خصوصی عدالت بنانے کا اعلان

یوکرینی طیارے کا حادثہ ایک ناقابل معافی غلطی ہے، ایرانی صدر — فوٹو: فائل 

ایرانی صدر حسن روحانی نے یوکرینی طیارے کے میزائل سے تباہ ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی عدالت قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

تہران میں تقریب سے خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ یوکرینی طیارے کا حادثہ ایک ناقابل معافی غلطی ہے۔

انہوں نے کہاکہ طیارے کی میزائل سے تباہی پر اعلیٰ سطح کے جج اور ماہرین پر مشتمل خصوصی عدالت بنائی جائے گی جو اس واقعے کی مکمل تحقیقات کریں گے۔

حسن روحانی نے کہا کہ یہ معمولی کیس نہیں ہے بلکہ ساری دنیا خصوصی عدالت کو دیکھے گی، واقعے میں ملوث تمام ذمہ دار افراد کو سزائیں دی جائیں گی۔

دوسری جانب ایرانی حکومت کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے بعد کچھ افراد کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

اُدھر  بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے تکنیکی ماہرین یوکرینی طیارے کی تحقیقات کے لیے ایران کا دورہ کریں گے۔ 

جرمن خبررساں ادارےکے مطابق عالمی سول ایوی ایشن تنظیم کی ٹیم میں بوئنگ اور یوکرین کے ماہرین شامل ہوں گے۔

یاد رہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد ایران امریکا کشیدگی کے دوران 8 جنوری کو یوکرین کا مسافر طیارہ ایران میں گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوئے۔

طیارہ تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کیف جا رہا تھا جس میں 82 ایرانی اور 63 کینیڈین شہری بھی سوار تھے۔

امریکا، کینیڈا اور دیگر مغربی ممالک کی جانب سے الزام عائد کیا جارہا تھا کہ طیارے کو ایران نے میزائل سے نشانہ بنایا تاہم ایران نے کئی مرتبہ طیارے کو نشانہ بنائے جانے کے بیانات کی تردید کی۔

لیکن حادثے کے تین روز بعد ایران نے طیارے کو غلطی سے میزائل سے نشانہ بنانے کا اعتراف کرلیا۔

مزید خبریں :