Time 16 جنوری ، 2020
انٹرٹینمنٹ

زائرہ وسیم کو ہراساں کرنے والے شخص کو 3سال قید کی سزا

سابق بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم کو ہراساں کرنے کے الزام میں بھارتی عدالت نے ملزم کو 3 سال قید کی سزا سنادی۔

ممبئی سیشن کورٹ نے وکاس سچدیو نامی 41 سالہ ملزم کے خلاف ہراسانی کے مقدمےکی سماعت کرتے ہوئے اسے 3 سال قید کی سزاسنائی۔

واضح رہے کہ دسمبر 2017 میں زائرہ وسیم نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے لائیو ویڈیو چیٹ میں روتے ہوئے بتایا تھا کہ دہلی سے ممبئی پرواز کے دوران انہیں ایک شخص نے ہراساں کیا ہے۔

زائرہ وسیم کا کہنا تھا کہ ملزم نے ان کے دو گھنٹےکے فضائی سفر کو نہایت اذیت ناک بنادیا۔

بعد ازاں پولیس نے ملزم کو ممبئی میں واقع اس کے گھر سے گرفتار کرلیا تھا،رپورٹس کے مطابق ملزم ایک کاروباری شخص ہے، جسے ہوائی جہاز کے ٹکٹ کی مدد سے شناخت کیا گیا۔

خیال رہے کہ 19 سالہ زائرہ وسیم نے گذشتہ سال بالی وڈچھوڑنےکااعلان کردیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی زائرہ وسیم کا کہنا تھا کہ انہیں فلمی کیریئر میں عزت اور شہرت ملی ہے لیکن اس کی وجہ سے وہ مذہب سے دور ہورہی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلمی دنیا کی وجہ سے ان کی زندگی سے برکت ختم ہورہی تھی جس کے باعث وہ بالی وڈ سے دوری اختیار کررہی ہیں۔

یاد رہے کہ زائرہ وسیم نے اپنا فلمی کیریئر 2016 میں فلم ’دنگل‘ سے شروع کیا جس میں انہوں نے عامر خان کی بیٹی کا کردار کیا تھا اور ان کی جاندار اداکاری کو مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا۔

زائرہ وسیم نے اپنا فلمی کیریئر 2016 میں فلم ’دنگل‘ سے شروع کیا تھا،فوٹو:فائل

اس کے بعد اداکارہ نے ایک اور فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔ زائرہ وسیم کو ’دنگل‘ میں اداکاری پر بہترین معاون اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ بھی دیا گیا، اس کے علاوہ انہیں کئی فلمی ایوارڈز بھی ملے ہیں۔

دنگل گرل کے بالی وڈ چھوڑنے کے اعلان کے بعد بھی ان کی ایک اور فلم ’دی اسکائی از پنک‘ گزشتہ سال اکتوبر میں ریلیز ہوئی جس میں پریانکا چوپڑا اور فرحان اختر نے ان کے والدین کا کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :