17 جنوری ، 2020
لاہور: احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نوازشریف کی حاضری سے معافی میں توسیع کردی جب کہ رمضان شوگر ملز اور آشیانہ کیس میں شہبازشریف کی مستقل حاضری سے استثناء کی درخواست منظور کرلی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں حمزہ شہباز اور یوسف عباس کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے مریم نواز کے کزن یوسف عباس اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 31جنوری تک توسیع کردی۔
دورانِ سماعت سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے ان کی میڈیکل رپورٹیں عدالت میں جمع کروا دیں اورمؤقف اختیار کیا کہ نوازشریف کا بیرون ملک علاج چل رہا ہے، ڈاکٹر نے انہیں بیرون ملک رکھنے کی ہدایت کی ہے جس پر عدالت نے نوازشریف کی حاضری معافی میں توسیع کردی ۔
عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگرملز کیس میں شہبازشریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کرلی۔