پاکستان
Time 17 جنوری ، 2020

پنجاب حکومت کا اورنج لائن ٹرین 23 مارچ سے عوام کیلئے چلانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے اورنج لائن ٹرین 23 مارچ 2020 سے عوام کے لیے چلانے کا فیصلہ کرلیا۔

پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حامد یعقوب شیخ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ اورنج لائن ٹرین سے متعلق چینی ٹھیکیدار کام کو بروقت مکمل کریں گے۔

اجلاس میں عاصم سلیم باجوہ نے ہدایت کی کہ اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کو مارچ میں ہر صورت عوام کیلئے کھولا جائے جبکہ چئیرمین پی اینڈ ڈی حامد یعقوب شیخ نے کہا کہ 23 مارچ کو باقاعدہ اورنج لائن ٹرین عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔ 

خیال رہے کہ 10 دسمبر 2019 کو اورنج لائن ٹرین نے مکمل روٹ پر آزمائشی سفر آغاز کیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اورنج لائن ٹرین کا کرایہ 40 روپے مقرر کرنے کی اصولی منظوری دے چکے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اگست 2015ء میں اورنج لائن ٹرین کا کام شروع کرایا تھا۔

ایک ارب 62 کروڑ ڈالر کی لاگت کے اس منصوبے کو دسمبر2017ء میں مکمل ہونا تھا لیکن عدالتی حکم امتناع اور حکومتوں کی تبدیلی کے باعث یہ منصوبہ دوسال کی تاخیر کا شکار ہوا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل شہبازشریف بھی اورنج لائن ٹرین دو بار آزمائشی طورپر چلا چکے ہیں۔

مزید خبریں :