دنیا
Time 17 جنوری ، 2020

چین کا مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنیکا مطالبہ

چین نے بھارتی دباؤ مسترد کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ گینگ شوانگ نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے ارکان کو کشمیر کی حالیہ صورت حال پر تشویش ہے۔ بھارت کو سلامتی کونسل ممبران کی درخواست پر عمل کرنا چاہیے۔

اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ مسئلہ کشمیر پرسلامتی کونسل میں اجلاس کے بعد بھارت نے چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل اجلاس میں مسئلہ کشمیر اٹھانے سے گریز کرے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا ہے کہ چین کو مسئلہ کشمیر کے بارے میں عالمی اتفاق رائے پر غور کرنا چاہیے اور اسے اقوام متحدہ میں اٹھانے سے گریز کرنا چاہیے۔

بھارتی ترجمان نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ معاملہ ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورت حال کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا، یہ اجلاس 6 ماہ میں دوسری بار بلایا گیا تھا۔

اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستان کی درخواست پر ہوا تھا جس میں ویٹو کا حق رکھنے والے ممالک نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے میں چین نے کلیدی کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :