کھیل
Time 18 جنوری ، 2020

بنگلادیش کے بیٹنگ کوچ نیل میکنزی اور بولنگ کوچ ریان کُک پاکستان نہیں آئیں گے

جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے بیٹنگ کوچ نیل میکنزی اور فیلڈنگ کوچ ریان کک بھی پاکستان نہیں جائیں گے— فوٹو: فائل

ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف سے 5 افراد دورہ پاکستان سے دستبردار ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق بیٹنگ کوچ نیل میکنزی اور بولنگ کوچ ریان کُک بھی پاکستان نہیں آئیں گے۔

خیال رہے کہ کافی حیلوں بہانوں کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی جس کے بعد مہمان ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی اور پھر واپس آ کر 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہی ہوگا۔

اب یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے پانچ اہم ارکان نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی ہے۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کرکٹ آپریشنز اکرم خان نے بتایا کہ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے استرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ماریو ولاواریان، بھارت سے تعلق رکھنے والے ٹیم اینالسٹ سری نیواس چندراکیسارن، جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے بیٹنگ کوچ نیل میکنزی اور فیلڈنگ کوچ ریان کک بھی پاکستان نہیں جائیں گے۔

البتہ بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رسل ڈومنگو جن کا تعلق بھی جنوبی افریقا سے ہے، ٹیم کے ساتھ پاکستان آئیں گے اور انہیں صرف ٹیم فزیو جولین کالیفاٹو کا تعاون حاصل ہوگا جبکہ ٹیم اینالسٹ اسکائپ کے ذریعے ٹیم سے رابطے میں رہیں گے۔

بنگلادیشی بورڈ نے پہلے ہی اپنے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ ڈینیل ویٹوری کو دورہ پاکستان میں ٹیم کے ساتھ نہ بھیجنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

مزید خبریں :