18 جنوری ، 2020
لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کا کہنا ہے کہ اگلے تین سے چار سالوں میں بہت سے قلندرز پاکستان ٹیم میں کھیلتے نظر آئیں گے اور ابھی بہت سے ہیرے چھپے ہوئے ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں عاطف رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز کا ہمیشہ سے ہی عزم تھا کہ پاکستان کرکٹ کو نئے وسیم اکرم اور نئے وقار یونس دیں، حارث رؤف کی پاکستان ٹیم میں شمولیت اس عزم کی جانب ایک قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی اور بھی بہت کھلاڑی ہیں جو قلندرز کے ساتھ ساتھ ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔
عاطف رانا کا کہنا تھا کہ قلندرز کی ہمیشہ ہی خواہش تھی کی وہ تُکے کی بجائے اپنے پراسس سے کامیابی حاصل کریں اور حارث روف کا سامنے آنا اس پراسس کا ہی حصہ ہے، یہ پراسس اتنا آسان نہیں تھا لیکن اس کی کامیابی سے جو خوشی ملی ہے اس کا بھی کوئی حساب نہیں ۔
لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ جیت دو طرح کی ہوتی ہے، ایک وہ جیت جو کھلاڑی گراؤنڈ میں پرفارم کرکے حاصل کرتے ہیں اور دوسری وہ جو آپ کے کام سے دل جیتے جاتے ہیں، قلندرز نے بلاشبہ لوگوں کے دل جیتے ہیں، ٹرافی کی جیت بھی ضروری ہے اور وہ جیت بھی اس پراسس سے ہی حاصل کریں گے۔
ایک سوال پر رانا عاطف کا کہنا تھا کہ اگلے تین سے چار سالوں میں بہت سے قلندرز پاکستان ٹیم میں کھیلتے نظر آئیں گے، ابھی بہت سے ہیرے چھپے ہوئے ہیں، قلندرز کے پاس طویل لسٹ ہے لیکن ہر کھلاڑی ایک پراسس کے بعد ہی سامنے لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حارث رؤف بھی 2017 سے قلندرز کے ساتھ ہے، وہ ایک پراسس کے بعد آج اس مقام پر پہنچیں ہیں، اس طرح دیگر کرکٹرز بھی یوں پراسس سے گزر کر دنیا بھر میں اپنا لوہا منوائیں گے۔