18 جنوری ، 2020
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی پر ایک بار پھر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہےکہ عثمان بزدار دیکھیں مسئلہ کہاں پر ہے۔
جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت کو کارکردگی دکھانا ہوگی اور اپنے معاملات میں بہتری لانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار اچھے آدمی ہیں ان کی نیت بھی اچھی ہوگی مگر جب تک اسٹرکچر نہیں بناتے کامیاب نہیں ہوسکتے، ہم جتنی مرضی تعریفیں کرلیں ڈیلیوری نہیں ہوگی تو مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قابلیت تو کارکردگی سے ظاہر ہوتی ہے اور کارکردگی پر سوالات ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب دیکھیں کہ مکینزم میں کہاں مسئلہ ہے کیوں ڈیلیور نہیں ہورہا ؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایک اجلاس کے دوران بھی عثمان بزدار کی کارکردگی پر اعتراض کیا تھا جب کہ صوبائی معاملے پر انہوں نے وزیراعظم کو ایک خط بھی تحریر کیا۔