Time 18 جنوری ، 2020
پاکستان

فروغ نسیم ایم کیو ایم کے سینیٹر، نمائندگی عمران خان کی کر رہے ہیں: عامر خان

فوٹو: فائل

متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان کا کہنا ہے فروغ نسیم ایم کیو ایم کے سینیٹر ہیں لیکن نمائندگی عمران خان کی کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا تھا کہ عامر خان نے ایم کیو ایم پاکستان کو ایم کیو ایم حقیقی بنا دیا ہے اور خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ بھی عامر خان کی سازش ہے۔

مصطفیٰ کمال کا یہ بھی کہنا تھا ایم کیو ایم کا فروغ نسیم پر زور نہیں چلتا، ورنہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ ایک وزیر استعفیٰ دے اور دوسرے سے استعفیٰ نہ لیا جائے۔

عامر خان کا مصطفی کمال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا ایک وفد آج ایم کیو ایم سے ملنے کے لیے آ رہا ہے، وفد ہمارے مطالبات پر عملدرآمد سے متعلق ہمیں آگاہ کرے گا اور اب گیند پی ٹی آئی کے کورٹ میں ہے۔

عامر خان نے کہا کہ ہمارے پاس خالد مقبول صدیقی کی ایک ہی وزارت تھی، مزید وزارتوں کی ہمیں ضرورت بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ فروغ نسیم ایم کیو ایم کے سینیٹر ہیں لیکن نمائندگی عمران خان کی کر رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم کو وزارتوں کی پیشکش پر عامر خان نے کہا کہ بلاول بھٹو کی پیشکش کو سنجیدہ ہی نہیں لیا کیونکہ وزارتوں کی پیشکش کرنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہمیں پیپلز پارٹی کی نیت ہی صحیح نہیں لگی اس لیے ہم نے بلاول کے بیان کو سنجیدہ نہیں لیا۔

مزید خبریں :