پنجاب اور سندھ میں فلم ’زندگی تماشا‘ کی نمائش روک دی گئی

صوبہ پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کی نمائش روک دی۔ 

پنجاب حکومت نے سر مد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کی 24 جنوری کو ریلیز روکتے ہوئے فلم کے ریویو کے لیے 3 فروری کی تاریخ دی ہے۔

پنجاب حکومت نے فلم کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کی ہے جو فلم سے متعلق مختلف حلقوں کے تحفظات اور شکایات کاجائزہ لے گی۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی فلم ’زندگی تماشا‘ کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے جس کا نوٹفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ 

پابندی سے متعلق خط سنیما مالکان کو بھیجا گیا ہے جبکہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فلم کی نمائش امن وامان کی خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔ 

اُدھر  فلم کے ہدایتکار سرمد کھوسٹ کا کہنا ہے کہ فلم دو بار سنسر بورڈ سے پاس ہوچکی ہے۔

خیال رہے کہ سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کو 24 جنوری کو ریلیز کیا جانا ہے، گزشتہ دنوں ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے فلم کی نمائش روکنے کے لیے دھمکیاں ملنے کا انکشاف کیا تھا اور حکومت سے مدد کی اپیل کی تھی۔

سرمد کھوسٹ نے پاکستانی عوام کے نام خط میں کہا تھا کہ اس فلم کی کہانی صرف ایک اچھے مسلمان کی ہے، میں نے اس میں کسی فرقے اور پارٹی نام نہیں لیا بلکہ یہ فلم ایک اچھے مولوی کے حوالے سے ہے۔

مزید خبریں :