Time 21 جنوری ، 2020
پاکستان

نیب کا فواد حسن فواد کی ضمانت سپریم کورٹ میں چیلنج کرنےکا فیصلہ

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کی  ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنےکا فیصلہ کرلیا۔

خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے فواد حسن فواد کی آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں  ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

تاہم نیب نے فواد حسن فوادکی ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنےکا فیصلہ  کیا ہے جس کے لیے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال  نے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

 فوادحسن فواد پر نیب کے الزامات

نیب حکام  کا کہنا ہے کہ ملزم 1 ارب 9کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثہ جات کے ذرائع بتانے سے قاصر رہا ہے، ملزم نے اہلیہ، بھائی اور بھابی کے نام پر بھی اربوں روپے مالیت کے اثاثہ جات بنائے ہیں۔

ان اثاثوں میں راولپنڈی کے جی پی او چوک میں ایک ارب 17 کروڑ روپے مالیت کا8 کنال کا کمرشل پلاٹ بھی شامل ہے جس پر 15 منزلہ کمرشل پلازہ تعمیر کیا گیاہے اور اس کے اخراجات کا تخمینہ ایک ارب 93 کروڑر وپے ہے۔

دیگر اخراجات کی مدمیں 25کروڑ روپے سے زائدکی رقم خرچ کی گئی ہے جب کہ  پلازہ کی تعمیر کیلئے لیےگئے قرض کے سود کی ادائیگی میں 50 کروڑ روپے  اور قرض کےاصل زرکی ادائیگی کے لیے 60 کروڑروپے صرف کیےگئے۔

نیب حکام کاکہنا ہے کہ 2010ء سے 2017 ءتک ملزمان کے مکمل ٹیکس ریکارڈکے مطابق فواد حسن فواد کےخاندان کی آمدن 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تھی۔

 فوادحسن فوادکی جانب سے 2013 ءمیں ایک پراکسی کمپنی بنام سپرنٹ سروسز راولپنڈی لمیٹڈ بھی خریدی گئی،اس کمپنی کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کی مبینہ غیرقانونی ٹرانزیکشنزکی جاتی رہی ہیں۔

یاد رہے کہ  قومی احتساب بیورو  نے 2 سابق وزرائے اعظم کے پرنسپل سیکریٹری رہنے والے فواد حسن فواد کو اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں  5 جولائی  2018 کو گرفتار کیا تھا۔

صد ن لیگ شہباز شریف کا خیر مقدم

 مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے فواد حسن فواد کی ضمانت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کا بے پناہ شکر ادا کرتے ہیں کہ ایک اور بے گناہ کو آج انصاف ملا۔

انہوں نے کہا بہت افسوس ہے کہ ایسے اچھے انسان اور لائق افسر کو ناحق قیدوبند کا سامنا کرنا پڑا، فواد حسن فواد کو غیر منصفانہ اور نامساعد حالات کا دانستہ شکار کیا گیا لیکن وہ جراتمندی سے ثابت قدم رہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فخر ہے فواد حسن فواد نے ضمیر پر سودے بازی کے بجائے سختیاں اور مشکلات جھیلنے کو ترجیح دی۔

مزید خبریں :