Time 24 جنوری ، 2020
پاکستان

حکومت اور ایم کیو ایم کے درمیان برف پگھلنے لگی، خالد مقبول کو منالیا گیا

وفاقی حکومت نے اپنی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو منالیا۔ 

وفاقی حکومت کی جانب سے اپنے اتحادیوں کو منانے کا سلسلہ جاری ہے اور اسی مشن کے تحت حکومتی وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ 

ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں پارٹی وفد تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے گھر پہنچا جہاں حکومتی وفد سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں حکومتی اتحاد میں واپسی اور کراچی پیکج پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم اور حکومت کے درمیان برف پگھلنے لگی ہے اور حکومتی وفد نے خالد مقبول صدیقی کو منالیا ہے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی جگہ ایم کیو ایم سے کسی اور کو وزیر نہیں بنایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کی جلد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوگی جبکہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی وفود کے درمیان دوبارہ ملاقات بدھ کو ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے وفاق کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی عدم تکمیل پر وزارت سے استعفیٰ دیتے ہوئے وفاقی کابینہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

خالد مقبول صدیقی کے پاس وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا قلمدان ہے۔  

مزید خبریں :