25 جنوری ، 2020
چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس سے مزید 15 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد پراسرار وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 41 تک پہنچ گئی ہے۔
چین کے وسطی صوبے ہوبئی سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1300 سے زائد ہو گئی ہے۔ ہوبئی کے 13 شہروں میں آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ادھر امریکا کے شہر ہیوسٹن اور سیاٹل کے بعد ریاست فلوریڈا میں بھی کورونا وائرس کا مریض سامنے آگیا ہے۔
اس طرح امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ فرانس میں بھی کورونا وائرس کے 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
برطانیہ میں بھی 13 افراد کو کورونا وائرس کے شبہے میں اسپتال داخل کرایا گیا ہے جب کہ پاکستان میں بھی ایک چینی شہری کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
سنگاپور، ویت نام، جاپان، جنوبی کوریا سمیت 9 ملکوں میں کورونا کے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر چین کی تعریف کی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین نےکورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بہت محنت کی ہے۔
کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کراچی سمیت ملک بھر کے ائیر پورٹس پر وفاقی محکمہ صحت نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
سری لنکن، تھائی ائیرویز، ائیر چائنا اور پی آئی اے کی مشرق بعید سے آنے والی پروازوں کے مسافروں میں کورونا وائرس کی چانچ کے لیے تھرمل اسکینر سے معائنہ کیا جائے گا۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق ابھی تک کسی مسافر میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔