Time 26 جنوری ، 2020
دنیا

کورونا وائرس: امریکا کی اپنے شہریوں کو چین چھوڑنے کی ہدایت

فوٹو: اے ایف پی

چین میں پھیلے  پُراسرار کورونا وائرس کے خطرے کے  باعث امریکا نے چین میں مقیم  اپنے شہریوں کو فوری طور پر نکلنےکی ہدایت کر دی۔

 چین کے وسطی صوبے ہوبئی سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2000 سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ہلاک افراد کی تعداد بھی 50 سے تجاوز کر چکی ہے۔

اس وائرس کی وجہ سے ہوبئی کے 13 شہروں میں آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کے باعث تقریباً ساڑھے 5 کروڑ کی آبادی محصور ہو کر رہ گئی ہے۔

اس مہلک وائرس کی وجہ سے امریکی محکمہ خارجہ نے ہدایت کی ہے کہ چین میں مقیم امریکی شہری جلد چین سے نکل جائیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی شہریوں کے لیے خصوصی پرواز کا انتظام کیا جا رہا ہے  جو منگل جو کو ہوبئی کے شہر ووہان سے روانہ ہو گی۔

ترجمان کا بتانا تھا کہ ووہان سے امریکی شہریوں کو سان فرانسسکو لایا جائے گا۔

چین سے پھیلتے ہوئے پُراسرار کورونا وائرس کے کیسز سنگاپور، ویت نام، جاپان، جنوبی کوریا اور امریکا سمیت 9 ملکوں میں بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کیا ہے؟

وسطی چینی شہر ووہان کورونا وائرس پھیلنے کا مرکز ہے، اس وائرس کا تعلق ’سارس‘ سے ہے جو کہ سانس کی خطرناک بیماری کا باعث بنتا ہے۔

ووہان انتظامیہ کا کہنا ہےکہ اس وباء کے پھیلاؤ کا مرکز یہاں کی آبی حیات کی فوڈ مارکیٹ ہے جسے یکم جنوری کو بند کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :