Time 26 جنوری ، 2020
دنیا

چین میں کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے اسپتال کی تعمیر، ہلاکتوں کی تعداد 50 سے تجاوز

چین میں پُراسرار کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 50 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے علیحدہ اسپتال کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی ہے۔

چین کے شہر ووہان کے بعد شنگھائی میں بھی کورونا وائرس پھیل گیا ہے جہاں اب تک 40 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

شنگھائی میں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض ہلاک ہو چکا ہے جب کہ چین میں اس مہلک وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 56 ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر شی جن پنگ کی زیرصدارت کمیونسٹ پارٹی کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع  پر چینی صدر نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ووہان شہر میں علاج کی سہولیات میں اضافےکے لیے 2 نئے فیلڈ اسپتالوں کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے جس میں سے ایک کی تعمیر جاری ہے۔

شہر ووہان میں زیر تعمیر  اسپتال  1000 بستروں پر مشتمل ہوگا جہاں متاثرہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جائے گا اور اس اسپتال کو 3 فروری سے کھولا جائے گا۔

چین کے شہر ووہان میں تعمیر کیے جانے والا اسپتال سب سے کم وقت میں تیار کیا جانے والا اسپتال ہو گا۔

ٹرمپ کی چینی اقدامات کی تعریف

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر چین کی تعریف کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین نےکورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بہت محنت کی ہے۔

پاکستان میں حفاظتی انتظامات

کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کراچی سمیت ملک بھر کے ائیر پورٹس پر وفاقی محکمہ صحت نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

سری لنکن، تھائی ائیرویز، ائیر چائنا اور پی آئی اے کی مشرق بعید سے آنے والی پروازوں کے مسافروں میں کورونا وائرس کی چانچ کے لیے تھرمل اسکینر سے معائنہ کیا جائے گا۔

ترجمان سی اے اے کے مطابق ابھی تک کسی مسافر میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔

مزید خبریں :