Time 26 جنوری ، 2020
پاکستان

کورونا وائرس: چینی شہر ووہان میں 500 سے زائد پاکستانی طلبہ محفوظ ہیں، ظفر مرزا

جو طلبہ سفارت خانے میں رجسٹرڈ نہيں وہ آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہيں: معاون خصوصی برائے صحت— فوٹو:فائل 

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروس ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ چینی شہر ووہان میں زیر تعلیم 500 سے زائد پاکستانی محفوظ ہيں۔

چینی شہر ووہان سے شروع ہونے والا کورونا وائرس خطرناک صورت اختیار کرگیا ہے اور تیزی سے دنیا بھر میں پھیل رہا ہے۔ 

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 50 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ہزاروں افراد اس سے متاثر ہیں۔ 

کورونا وائس سے متاثرہ شہر ووہان میں 500 سے زائد پاکستانی طالبعلم زیر تعلیم ہیں جن سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی طلبہ اِس وائرس سے محفوظ ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ  بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ طلبہ سے مسلسل رابطے میں ہے، 177 پاکستانی طلبہ کو وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر بتا دی گئی ہیں، انہیں تدابیر پرعمل کرنے اور تحمل اختیار کرنے کا کہا ہے۔

 ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ جو طلبہ سفارت خانے میں رجسٹرڈ نہيں وہ آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہيں۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ چینی حکام سے مستقل رابطے میں ہے اور تمام پاکستانی محفوظ ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کراچی سمیت ملک بھر کے ائیر پورٹس پر وفاقی محکمہ صحت نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

سری لنکن، تھائی ائیرویز، ائیر چائنا اور پی آئی اے کی مشرق بعید سے آنے والی پروازوں کے مسافروں میں کورونا وائرس کی جانچ کے لیے تھرمل اسکینر سے معائنہ کیا جائے گا۔

ترجمان سی اے اے کے مطابق ابھی تک کسی مسافر میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔

مزید خبریں :