پاکستان
Time 26 جنوری ، 2020

جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم کو رقم کا آسرا دیا: مصطفیٰ کمال کا دعویٰ

پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے دعوٰی کیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین نے کچھ رقم کا آسرا دیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے مذاکرات عجیب لگتے ہیں، اطلاع ہے کہ جہانگیر ترین نے ان کو کچھ رقم کا آسرا دیا ہے۔

آٹا بحران پر انہوں نے کہا کہ آٹا 70 روپے کلو ہوگیا، وجہ حکومت کی بدنیتی اور نااہلی ہے، آٹا سستا باہر بھیج کر اب مہنگا خریدا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن سے متعلق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ آگئی ہے، وزیراعظم کرپشن کا نام لینا بند کردیں، کرپشن کا ریٹ تو کم ہوجائے،کرپشن کے ریٹ بڑھ گئے ہیں۔

چیئرمین پی ایس پی نے مزید کہا کہ عوام پاکستان میں رسوا ہوگئے ہیں، کتے کاٹ رہے ہیں، آٹے کے لیے لائنیں لگی ہیں، بجلی پانی گیس نہیں ہے، وزیراعظم آپ تذلیل کر رہے ہیں آپ کے قول اور فعل میں تضاد ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے وفاق کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی عدم تکمیل پر وزارت سے استعفیٰ دیتے ہوئے وفاقی کابینہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

24 جنوری کو  تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے گھر ایم کیو ایم اور حکومتی وفد میں مذاکرات ہوئے تھے جس میں خالد مقبول صدیقی کو منالیا گیا تھا۔

مزید خبریں :