Time 27 جنوری ، 2020
پاکستان

وزیراعلیٰ سندھ کی وزیراعظم سے ملاقات، نیا آئی جی تعینات کرنے پر اتفاق

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ کے لیے زیر غور افسران میں سے کسی ایک کو تعینات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

کراچی آمد پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔

وزیر اعظم عمران خان کی گورنر ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات ہوئی جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ کی ون آن ملاقات  ہوئی جس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور آئی جی سندھ کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی کے حوالے سے تحفظات سے آگاہ کیا اور  کلیم امام کی فوری تبدیلی کی درخواست کی۔

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ کی ون آن ون ملاقات ہوئی — فوٹو: گورنر ہاؤس آفیشل

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو  سندھ کابینہ کے فیصلوں اور تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ  اختلافات اور غیر یقینی صورتحال سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کے لیے زیرغور افسران میں سے کسی ایک کو تعینات کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

آئی جی سندھ کے لیے مشتاق مہر کے نام پر اتفاق 

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات میں آئی جی سندھ کے لیے مشتاق مہر کے نام پر اتفاق ہوگیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے مشتاق مہر کی بطور آئی جی سندھ تعیناتی کا گرین سگنل دے دیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد منگل کو نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ کا منصوبوں کے التواء پر وزیراعظم سے شکوہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں وفاق کے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے التواء پر شکوہ کیا۔ 

اِس پر وزیراعظم عمران خان نے مراد علی شاہ کو صوبے کے تمام منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ زیر التواء اسکیموں کو وفاقی وزیر اسد عمر جلد منظور کروائیں گے۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کے سامنے ٹڈی دل کا مسئلہ بھی اُٹھایا جس پر انہوں نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کو عہدے سے ہٹاکر ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی جس پر پی ٹی آئی سندھ کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق کو غلام قادر تھیبو، مشتاق مہر، کامران فضل، انعام غنی اور ثناءاللہ عباسی کے نام نئے آئی جی کے لیے بھیجے گئے تھے تاہم وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ کا تبادلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کیا تھا۔

مزید خبریں :