دنیا
Time 27 جنوری ، 2020

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 80 ہوگئیں، کئی ممالک میں وائر س کی تصدیق

فوٹو: بشکریہ الجزیرہ

بیجنگ: چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 80 سے تجاوز کرگئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے ہوبئی میں مزید 24 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت شہریوں کو گھر میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چینی حکام نے 2700 سے زائد شہریوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔

چینی ہیلتھ کمیشن کے مطابق صوبے ہوبئی کے علاوہ کسی شہر سے ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی جب کہ مزید 769 افراد وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں جن میں سے نصف کا تعلق ہوبئی سے ہے اور ان میں سے 461 افراد کی حالت انتہائی نازک ہے۔

کورونا وائرس کے پے در پے کیسز سامنے آنے کے بعد چینی حکومت نے ہوبئی صوبے کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔

اس کے علاوہ چین کے زیر انتظام علاقے ماکاؤ اور ہانگ کانگ میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

چین کے علاوہ جنوبی کوریا میں بھی کورونا وائرس کے 4 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ تھائی لینڈ، تائیوان، جاپان، امریکا، ویت نام، سنگاپور، ملائیشیا، نیپال، فرانس، کینیڈا اور آسٹریلیا میں بھی کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

امریکی حکام نے واشنگٹن، شکاگو، جنوبی کیلی فورنیا اور ایری زونا میں کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

اس کی علامات کیا ہیں؟

ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔

اس وائرس کی شدید نوعیت کے باعث گردے فیل ہوسکتے ہیں، نمونیا اور یہاں تک کے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

یہ کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟

ماہرین کے مطابق کورونا وائرس اتنا خطرناک نہیں جتنا کہ اس وائرس کی ایک اور قسم سارس ہے جس سے 3-2002 کے دوران دنیا بھر میں تقریباً 800 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور یہ وائرس بھی چین سے پھیلا تھا۔

مزید خبریں :