28 جنوری ، 2020
لاہور: ہائیکورٹ نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) سٹی کیس میں سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایل ڈی اے احد چیمہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس محمد طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے احد چیمہ کی مختلف کیسز میں دائر ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران احد چیمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ ڈیڑھ سال سے ایل ڈی اے سٹی کا ریفرنس ہی پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی احد چیمہ کے علاوہ ایل ڈی اے کا کوئی اور ملازم ملزم بنایا گیا۔
نیب پراسیکیوٹر کا مؤقف تھاکہ ایل ڈی اے سٹی کیس پرسپریم کورٹ نے فیصلہ کر دیا ہے، ایل ڈی اے سٹی نے تمام متاثرہ افراد کو پلاٹس دینے کی یقین دہانی کرائی ہے لہٰذا اِس کیس میں احد چیمہ کی ضمانت منظور کرلی جائے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
عدالت نے ایل ڈی اے سٹی کیس میں احد چیمہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی تاہم آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی اور غیر قانونی اثاثے بنانے کے کیسز میں ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 21 فروری 2018 کو کارروائی کرتے ہوئے احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔