آئی جی کے معاملے پر وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

سندھ میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کی تبدیلی کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق  ہونے والی بات سے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا۔

گفتگو میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم جو نام دے چکے ہیں انہی میں سے کسی کو آئی جی لگایا جائے، اب کوئی اور نام نہیں دیں گے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ نے سابق صدر آصف علی زرداری سے کراچی کے نجی اسپتال میں ملاقات کی اور انھیں وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات سے متعلق آگاہ کیا۔

مراد علی شاہ نے آصف زرداری کو آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق بھی آگاہی دی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی  کراچی میں ہونے والی ملاقات میں آئی جی کی تبدیلی پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق  ملاقات میں وزیراعظم نے مشتاق مہر کی تعیناتی کا گرین سگنل دیا تھا جس کے بعد وفاقی کابینہ کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری ہونا تھا تاہم کابینہ نے آئی جی سندھ کی منظوری مؤخر کرتے ہوئے معاملہ گورنر اور وزیر اعلیٰ کے سپرد کردیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کو عہدے سے ہٹاکر ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی۔

صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق کو غلام قادر تھیبو، مشتاق مہر، کامران فضل، انعام غنی اور ثناءاللہ عباسی کے نام نئے آئی جی کے لیے بھیجے گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحاد میں شامل گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سے آئی جی سندھ کی تبدیلی پر اعتراض سامنے آیا ہے۔

مزید خبریں :