پاکستان
Time 29 جنوری ، 2020

آئی جی سندھ کی ایس پی عمر کوٹ اعجاز شیخ کے خلاف کارروائی کی سفارش

فوٹو فائل—

کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ آفس نے وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ایس پی عمر کوٹ اعجاز شیخ کے خلاف خط لکھ دیا۔

آئی جی سندھ آفس کی جانب سے لکھے گئے خط میں  ایس پی عمر کوٹ اعجاز شیخ کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

خط کے متن میں بیان کیا گیا کہ  آئی جی آفس نے اعجاز شیخ کے خلاف 3 انکوائریز کرائیں جس کے مطابق اعجاز شیخ نے پی پی پی رہنما سکندر راہ پوٹو کو بغیر اجازت اسکواڈ کی گاڑی دی،  اسکواڈ کی خراب ڈرائیونگ کے باعث جسٹس گلزار کی گاڑی سے گزشتہ سال عمرکوٹ میں حادثہ ہوتے بچا۔

خط میں مزید کہا گیا کہ گاڑی سے شہریوں کو کچلنے کے معاملے پر اعجاز شیخ نے پنجو مل بھیل کا ساتھ دیا لہذا الزام ثابت ہونے پر چیف سیکریٹری کو کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

خط میں لکھا گیا کہ عمر کوٹ میں 40 ایکڑ زمین کے تنازع پر بھی اعجاز شیخ پارٹی بنے تھے، یہ ایک غیر سنجیدہ اور نان پروفیشنل آفیسر ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی کراچی میں ہونے والی ملاقات میں آئی جی کی تبدیلی پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے مشتاق مہر کی تعیناتی کا گرین سگنل دیا تھا جس کے بعد وفاقی کابینہ کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری ہونا تھا تاہم کابینہ نے آئی جی سندھ کی منظوری مؤخر کرتے ہوئے معاملہ گورنر اور وزیر اعلیٰ کے سپرد کردیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کو عہدے سے ہٹاکر ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی۔

صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق کو غلام قادر تھیبو، مشتاق مہر، کامران فضل، انعام غنی اور ثناءاللہ عباسی کے نام نئے آئی جی کے لیے بھیجے گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحاد میں شامل گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سے آئی جی سندھ کی تبدیلی پر اعتراض سامنے آیا ہے۔

مزید خبریں :