29 جنوری ، 2020
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے چین میں چار پاکستانی طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کانفیڈینشل ہونے کے ناطے ہم اُن طلبہ کے نام نہیں بتا رہے لیکن چین میں جو پاکستانی طلبہ کورونا سے متاثر ہوئے ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان طلبہ کے خاندانوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ مریضوں کا علاج حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم وزارت خارجہ اور چین میں پاکستانی سفارت خانے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ چین میں تمام پاکستانی طلبہ سے پاکستانی سفارت خانے کا عملہ مستقل رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین میں 40 ہزار پاکستانی ہیں اور ووہان شہر میں 500 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
ان کا بتانا تھا کہ چینی حکومت نے ووہان میں آمدورفت پر پابندی عائد کر دی ہے، اس ایک پابندی کہ وجہ سے چین نے پوری دنیا کو کورونا وائرس سے محفوظ کر لیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ چین سے باہر جاتے وقت سفر شروع کرنے سے پہلے کورونا وائرس کے لیے اسکریننگ کی جاتی ہے۔
ظفر مرزا نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے 21 اور 23 جنوری کو ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا، اجلاس میں کورونا وائرس کا مشاہدہ کیا گیا اور بچاؤ کی تجاویز بھی دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا ڈبلیو ایچ او کی کمیٹی نے ہدایت کی کہ تمام ممالک احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مہم چلائیں، شبہ ہونے پر مریض کا مشاہدہ کریں اور ڈاکٹر بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پاکستان نے کمیٹی کی تمام ہدایات کو اپنایا اور پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کا ایک بھی مریض نہیں ہے۔