29 جنوری ، 2020
لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو آئندہ ہفتے نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) ٹرسٹ اسپتال میں داخل کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو این ایچ ایس ٹرسٹ کے کارڈیک سینٹر میں داخل کیا جائے گا۔
نواز شریف کے ذاتی معالج کے مطابق انہیں دل کا عارضہ ہے اور اسپتال میں نواز شریف کی دل کی شریانوں کے پیچیدہ مرض کا علاج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال میں داخلے سے پہلے نواز شریف کا مقامی اسپتال میں ابتدائی معائنہ بھی کیا گیا ہے۔
اس سے قبل گذشتہ دنوں ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو گردوں کی گریڈ تھری بیماری بھی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ امریکا سے بھی کنسلٹنٹس کے ساتھ رابطے میں ہیں، جیسے ہی ڈاکٹرز کلیئر کرتے ہیں تو نوازشریف کو دل کے اسپتال داخل کرا دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔
سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق ان کے بیٹے حسین نواز کا کہنا تھا کہ خواہش ہے نوازشریف کا علاج ایک چھت تلے ہو لیکن ان کی طبیعت میں بہتری کے آثار نظر نہیں آ رہے، والد کو متعدد بار مشورہ دیاکہ امریکا سے علاج کروائیں۔