دنیا
Time 30 جنوری ، 2020

شامی صوبے ادلب میں روسی فضائی حملے میں 10 افراد جاں بحق

روسی فضائی حملے کے بعد سرکاری افواج کی جانب سے زمینی کارروائی کی بھی اطلاعات ہیں،فوٹو:فائل

شام کے صوبے ادلب کے  علاقے اریحا میں ہونے والے فضائی حملے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق شامی حکومت کی اتحادی روسی فضائیہ کی بمباری سے جاں بحق ہونے والے تمام افراد عام شہری تھے۔

روسی فضائی حملے کے بعد سرکاری افواج کی جانب سے زمینی کارروائی کی بھی اطلاعات ہیں۔

شام میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق حملے میں ایک بیکری اور  اسپتال کو  بھی نشانہ بنایا گیا۔

شامی رضا کار تنظیم کے مطابق یہ حملہ روس کی فضائیہ کی طرف سے کیا گیا جس میں 24 افراد زخمی ہیں۔

زخمیوں میں بچوں اور خواتین سمیت ڈاکٹر بھی شامل ہیں جب کہ حملے کے بعد اسپتال میں طبی امداد کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔

روس کی جانب سے حملے کی تردید

روسی کی جانب سے شام کے  صوبے ادلب میں ہونے والے حملے کی تردید کی گئی ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی جانب سے اس خبر کو بین الاقوامی میڈیا کی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا  ہے کہ مذکورہ علاقے میں روسی جنگی جہازوں کو کسی بھی حملے کا حکم جاری نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ ادلب بشارالاسد حکومت کے مخالف شامی عسکریت پسند اپوزیشن اتحاد کا آخری مضبوط گڑھ ہے ا ور شامی فوج گذشتہ چند دنوں سے روس کے ساتھ مل کر ادلب پر 8 سالہ قبضہ ختم کرنے کے لیے بھر پور کوششیں کررہی ہے۔

ادلب میں30 لاکھ سے زائد پناہ گزین مشکلات کا شکار

ادلب میں30 لاکھ سے زائد افراد بھی پناہ لیے ہوئے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے، یہ تمام افراد اقوام متحدہ کے کیمپوں میں مقیم ہیں۔

اقوام متحدہ نے تشدد اور سردی کی شدت میں اضافے کے باعث پناہ گزینوں کی مشکلات بڑھنے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ادلب میں دواؤں اور طبی سہولیات کی بھی شدید کمی ہے جب کہ گذشتہ سالوں میں 50 سے زائد طبی مراکز حملے میں تباہ ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :