پاکستان
Time 01 فروری ، 2020

ایک ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی 14 اشیاء مہنگی ہوگئیں، ادارہ شماریات

ملک میں مہنگائی کا طوفان رواں ہفتے بھی تھم نہیں سکا اور  ایک ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی 14 اشیاء مہنگی ہوگئی ہیں۔

ادارہ شماریات پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کا طوفان رواں ہفتے بھی تھم نہیں سکا ہے۔

ادارہ شماریات کی مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور ایک ہفتے میں چینی مزید ایک روپے 17 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتے میں چینی 4 روپے 77 پیسے فی کلو مہنگی ہو کر 79 روپے 6 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔

ایک ہفتے کے دوران گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 24 روپے مہنگا ہوا ہے جب کہ لہسن کی قیمت میں بھی ایک ہفتے کے دوران 11 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔

برائیلر زندہ مرغی فی کلو 5روپے مہنگی ہوئی ہے اس کے علاوہ ایک ہفتے میں دالیں، بکرے کا گوشت، کوکنگ آئل،خشک دودھ بھی مہنگا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں چینی 83 سے 86 روپے فی کلو تک میں فروحت ہورہی ہے۔

گندم درآمد کرنے کے فیصلے کے بعد چینی درآمد کرنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں اور وزارتِ صنعت و پیداوارنے 3 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی تجویز دی ہے جب کہ چینی کے باقی ماندہ ایکسپورٹ کوٹہ پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :