کھیل
Time 01 فروری ، 2020

ایشیا کپ کی میزبانی پر ایشین کرکٹ کونسل کا فیصلہ قبول کریں گے، احسان مانی

ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس مارچ کے پہلے ہفتے میں ہوگا جس میں مل کر کا حل نکالیں گے،احسان مانی،فوٹو:فائل

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے نیوٹرل مقام پر انعقاد کے حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) جو فیصلہ کرے گی وہ قبول کریں گے۔

احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ،ایشیا کپ کی نیوٹرل مقام پرمیزبانی کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کو کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایشیا کپ 2018 کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزہ دینے سے انکار کردیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس مارچ کے پہلے ہفتے میں ہوگا جس میں مل کر حل نکالیں گے۔

احسان مانی نے بتایا کہ پاکستان کا بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا، سارو گنگولی جب بی سی سی آئی کے صدر بنے تو ان کو خط لکھا تھا تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔

خیال رہے کہ  شیڈول کے تحت  ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2020  کا انعقاد پاکستان میں ہونا ہے۔

ایشیا کپ  ستمبر میں منعقد ہو گا اور اس بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔

مئی 2019 میں اے سی سی کے سنگاپور میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاکستان 2020 میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔

تاہم بھارت کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کی وجہ سے معاملہ دوبارہ اے سی سی کے پاس جائے گا اور ممکن ہے کہ ایونٹ کا انعقاد نیوٹرل وینیو پر ہو۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت ، بنگلا دیش، سری لنکا اور افغانستان سمیت ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں اور ایک ٹورنامنٹ 50 اوور اور اگلا 20 اوورز کے فارمیٹ کے تحت کھیلا جاتا ہے۔

آخری ایشیا کپ یو اے ای میں ستمبر 2018 میں  50 اوورز کے فارمیٹ تحت کھیلا گیا تھا۔ یہ ٹورنامنٹ پہلے بھارت میں ہونا تھا تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزہ دینے سے انکار  کے بعد بی سی سی آئی نے ایشیا کپ کی میزبانی سے انکار کردیا تھا۔

جس کے بعد ایشیا کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کو دے دی گئی تھی۔

مزید خبریں :