02 فروری ، 2020
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اتحادیوں سے نہیں اپنے لوگوں سے ہی خطرہ ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو خبردار کردیا ہے اور کہا ہے کہ تحریک انصاف کو اپنا ساتھی سمجھتے ہیں، انہیں بھی چاہیے کہ ق لیگ کو ساتھی سمجھیں دشمن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بیانات کا بعض دوست غلط مطلب نکال کر عمران خان کو کلپ دکھا کر اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویزالہٰی، طارق بشیر چیمہ، مونس الہٰی کے بیانات سچائی اور حب الوطنی کی عکاسی کرتے ہیں۔ اتحادی ہمیشہ اتحاد اور مساوات پر یقین رکھتے ہیں۔
چوہدری شجاعت حسین کے بیان پر پی ٹی آئی کے رہنما اور وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ ق لیگ کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھتے، کامل علی آغا اور دیگر رہنما میڈیا پر سخت بات کرتے ہیں تو تاثر ملتا ہے کہ معاملات بہت خراب ہیں۔