Time 03 فروری ، 2020
پاکستان

کورونا وائرس: ہر قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں: ڈاکٹر ظفر مرزا

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد ائیر پورٹ کا دورہ کیا اور چین سے آنے والی پرواز کے مسافروں کی پاکستان آمد پر کورونا وائرس کی اسکریننگ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ہوائی اڈوں پر کورونا وائرس کی اسکریننگ کا جامع نظام موجود ہے لہذا انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کی سفارشات کے مطابق قواعد پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ صحت میں ممکنہ کورونا وائرس کیسز کی تشخیص کی سہولت موجود ہے اور حکومت پاکستان ہر ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب وزارتِ صحت نے بندرگاہوں میں آنے والے جہازوں کی فیومگیشن کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کے تحت کوئی اضافی ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ نوول کورونا وائرس کمیٹی نے چین اور دیگر ممبر ممالک کے ساتھ تجارت یا سفر پر پابندی عائد نہیں کی، بندرگاہ پر تعینات عملہ مال بردار جہازوں سے متعلق قواعد پر عمل درآمد کو سختی سے یقینی بنائے۔

مزید خبریں :