Time 05 فروری ، 2020
پاکستان

بھارتی مظالم کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے: وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر  پر  اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ  ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت اور بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے آواز اٹھانا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ  کشمیریوں کو 6 ماہ سے بھارت کے غیر انسانی لاک ڈاؤن کا سامنا ہے جس سے جمہوریت اور انسانی حقوق سے متعلق بھارتی دعوے بےنقاب ہو گئے ہیں۔

عمران خان نے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 9 لاکھ فوج کے ذریعے کشمیریوں کو اُن کی سرزمین پر قیدی بنا دیا ہے لیکن پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہےگا اور بھارتی مظالم کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا خطے کے امن و سلامتی کو خطرات سے بچانے کے لیے کردار ادا کرے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

مزید خبریں :