پاکستان
Time 05 فروری ، 2020

مودی نے بہت بڑی غلطی کی، اب یقین ہے کشمیر آزاد ہوگا: عمران خان

مظفر آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت تباہی کی جانب گامزن ہے اور میرا ایمان ہے کہ اب کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔

  یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عمران خان نے آزاد کشمیر کی  قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت سے ملک میں خوشحالی آتی ہے،  دنیا کی تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ جمہوریت سب سے بہتر نظام ہے اس لیے جتنی بہتر جمہوریت ہوگی اتنی خوشحالی ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ اونچ نیچ اللہ کی طرف سے آتی ہے، قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں، مشکل وقت میں قومیں صبر کرتی ہیں، مشکل وقت سے نکل کر ہم عظیم قوم بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں ہے، مگر گھر میں چوری کرنے والوں سے دوستی کیسے کروں۔ ملک کو لوٹنے والے، پیسہ باہر لے جانے والوں سے مفاہمت نہیں ہو سکتی۔

عمران خان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جو قدم اٹھایا اس کے بعد مجھے یقین ہے کشمیر آزاد ہوگا کیونکہ 5 اگست کو مودی نے کشمیر کی حیثیت ختم کرکے بہت بڑی غلطی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو نظربند کیا ہوا ہے، میں نے ہر فورم پرکشمریوں کا مقدمہ لڑا اور انٹرنیشنل میڈیا کو انٹرویوز بھی دیے تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو۔ اقوام متحدہ، جنرل اسمبلی اور واشنگٹن میں امریکی صدر کے سامنے بھی مسئلہ کشمیر اٹھایا۔

وزیراعظم  نے کہا کہ یورپین پارلیمنٹ میں 600 ممبران نے کشمیر پر قرارداد پاس کی جب کہ بین الاقوامی میڈیا بھی اب کشمیر کو اہمیت دے رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کشمیر کے ایشوز کو اگلے لیول پر لے جانے کے لیے منصوبہ بندی کررہے ہیں، دنیا کشمیر پر ہمارے نکتہ نظر کو اہمیت دے رہی ہے۔

خطاب کے دوران  عمران خان نے عندیہ  دیا کہ  بھارت کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے فوجی آپریشن کرسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 5 اگست کے بعد ہمیں کشمیر کے معاملے پر آر ایس ایس کا فلسلفہ بے نقاب کرنے کا موقع ملا ہے  جس کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے علاوہ دیگر ممالک کے سربراہوں سے بات کی ہے۔

پاکستان سے متعلق بیانات بھارتی قیادت کی بوکھلاہٹ کا عکاس ہیں

بھارتی شہریت کے متنازع قانون پر عمران خان نے کہا کہ بھارت نے شہریت قانون سے اقلیتوں کو دیوار سے لگا دیا ہے وہاں  مسلمانوں کو نہیں مسیحی اور ہندوؤں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں علیحدگی پسند تحریکیں شروع ہوچکی ہیں، بھارت تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے، مودی بھارت کو جہاں لے گیا اب پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔

مودی اور بھارتی آرمی چیف کے پاکستان کے خلادف بیانات پر عمران خان نے کہا کہ بھارت گھبراہٹ کا شکار ہے،  پاکستان سے متعلق بیانات بھارتی قیادت کی بوکھلاہٹ کا عکاس ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مودی نارمل انسان نہیں، پاکستان کو گیارہ دن میں فتح کرنے کا بیان نارمل انسان نہیں دیتا۔ 

مزید خبریں :