پاکستان
Time 09 فروری ، 2020

فیصل ایدھی نے ووہان سے پاکستانی طلبہ کو نکالنے کیلئے حکومت سے اجازت مانگ لی

ایدھی فاؤنڈیشن اپنی مدد آپ کے تحت فلائٹ آپریشن کے ساتھ کام کرے گی: فیصل ایدھی — فوٹو:فائل 

کراچی: پاکستان کے فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو خط لکھ کر کورونا سے متاثرہ چینی شہر ووہان سے پاکستانی طلبہ کو نکالنے کی اجازت مانگ لی۔

فیصل ایدھی کے خط کے متن کے مطابق چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وہاں پاکستانی طلبہ بھی موجود ہیں، پاکستانی طلبہ ہمارے رابطے میں ہیں اور وہ پریشان ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ طلبہ کے پاس کھانے پینے کی اشیاء بھی موجود نہیں ہیں، وہاں موجود پاکستانی طلبہ میں وائرس کی تصدیق بھی نہیں ہوئی۔

فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ ووہان میں موجود پاکستانی طلبہ کو واپس لانے کی اجازت دی جائے، ایدھی فاؤنڈیشن اپنی مدد آپ کے تحت فلائٹ آپریشن کے ساتھ کام کرے گی۔

خط کے متن کے مطابق اجازت ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کر دیا جائے گا اور پاکستانی طلبہ کو اسکریننگ کے بعد لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان سے مہلک کورونا وائرس دنیا بھر میں پھیلا ہے اور اب تک چین میں 800 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہزاروں افراد متاثر ہیں۔

ووہان شہر میں زیرتعلیم پاکستانی طلبہ نے حکومت سے وطن واپس لانے کا مطالبہ کیا گیا تاہم حکومت نے طلبہ کو فوری طور پر واپس لانے سے انکار کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ چین سے لوگوں کو نہ نکالنا سب کے مفاد میں ہے، اگر چین سے شہریوں کو واپس لائے تو کورونا وائرس روک نہیں سکیں گے۔

مزید خبریں :