Time 10 فروری ، 2020
پاکستان

آٹا اور چینی چور مافیا کی سرپرستی پروزیراعظم کیخلاف ایف آئی آر کا مطالبہ

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آٹا چور، چینی چور مافیا کی سرپرستی پروزیراعظم کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ملوں کی اب تک تلاشی کیوں نہیں ہوئی؟ عوام کو ریلیف دینے اور انکوائری کا ڈرامہ کرکے بیوقوف نہ بنائیں، چور کی تلاشی دیں۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں پر چھاپے مار کر اپنی اے اٹی ایمز مافیا کو نہیں بچا سکتے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ملک بھر میں گندم کے بحران کے باعث آٹے کی قیمت 70 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بحران پر قابو پانے کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی ہے تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ درآمد شدہ گندم آتے آتے مقامی سطح پر گندم کی فصل تیار ہوجائے گی اور پھر گندم کی زیادتی کی وجہ سے ایک نیا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی آٹے کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

دوسری جانب ملک میں چینی کا بحران بھی سراٹھا رہا ہے جس کے باعث وفاقی حکومت نے چینی کی برآمد پر فوری طور پر پابندی لگانے اور چینی کی درآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارتِ صنعت و پیداوارنے 3 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی تجویز دی ہے۔

مزید خبریں :