11 فروری ، 2020
بھارتی وزیراعظم جو انسانیت نہیں حیوانیت کےاعلیٰ درجے پر فائز ہے، جب سے مسندِ اقتدار پر براجمان ہوا ہے یا کیا گیا ہے قتل وغارت گری کے سوا اسے کچھ سجھائی نہیں دے رہا۔
پہلے مقبوضہ کشمیر کو اپنا نشانہ بنایا اب مسلم اقلیت کے خلاف شہریت بل لاکر پورے بھارت کو ہی نشانے پر رکھ لیا ہے۔ اسے یہ اندازہ ہی نہیں کہ بھارت ایک ایٹمی طاقت ہےاور ایٹمی قوت کوئی کھیل نہیں۔
اسے ناگا ساکی ہیرو شیما پر ابتدائی ایٹمی قوت کی تباہ کاری کی وڈیو دکھانی چاہئے تاکہ نہ صرف اسے بلکہ بھارت کے سپہ سالار کو بھی اندازہ ہو سکے کہ ایٹمی قوت وہ بھی جدید ترین قوت کیا کچھ تباہی بربادی لا سکتی ہے۔
جوہری طاقت کے نشے نے مودی کو حواس باختہ کر رکھا ہے اسے اسکی افواج کو اندازہ ہی نہیں ہے کہ جب ایٹمی قوتیں ٹکرائیں گی تو کتنا کچھ برباد ہو سکتا ہے۔ نہ صرف خطے پر بلکہ پوری دنیا پر اس کے کتنے بد اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہا سچ ہےکہ بھارتی وزیراعظم جس طرح غیرذمہ دارانہ بیان بازی سے اشتعال دلانے کی کوشش کرکے شر انگیزی کی فضا ہموار کررہا ہے اس سے بخوبی سمجھا جا سکتا ہے کہ بھارت خطے کے امن کو ملیامیٹ کرنا چاہ رہا ہے بھارت جس جنگی جنون میں مبتلا ہو رہا ہے اس کو کسی بھی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
عالمی قوتوں کی مسلسل خاموشی بھی بڑی معنی خیز ہے۔ان کی خاموشی مودی کو بڑھاوا دے رہی ہے۔ انہیں کشمیر میں ہونیوالی بھارتی حکمرانوں اور فوج کی دہشت گردی نظر نہیں آرہی یہی وجہ ہے کہ ان عالمی انسانیت کے ٹھیکیدار (دہشتگردوں) کی خاموشی مودی کو بڑھاوا دے رہی ہے۔
وہ آپے سے باہر ہو رہا ہر ایسا نہ ہو کہیں اسکے اپنے ہی ہاتھوں اپنی لٹیا ہی ڈوب جائے نہ وہ گھر کا رہے نہ گھاٹ کا۔
اس نے اپنی حماقت اور بیرونی مسلم دشمن قوتوں کی شہ پر اندرونی اور بیرونی محاذ خود اپنے خلاف کھول لئے ہیں۔ پورے بھارت میں مودی اور مودی حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ کئی ریاستوں میں مرکز سے بغاوت سر ابھار رہی ہے۔
مودی جسے اپنی فوجی برتری اور کثرت اور ایٹمی قوت پر غرہ ہے ،اندازہ ہی نہیں ہے کہ وہ کس بلا کو للکار رہا ہے۔پاکستانی فوجی جب میدان میں اترتے ہیں تو وہ کسی معاوضہ کسی مال غنیمت کیلئے نہیں لڑتے وہ دفاع وطن کیلئے شہادت کیلئے دشمن کو نیست ونابود کرنے کیلئے لڑتے ہیں۔
جب جب دشمن کا سامنا کرتے ہیں تو پیچھے ہٹنے کیلئے نہیں مارنےاور مرنے کیلئے وطن کی سر بلندی کیلئے جانیں قربان کرتے ہیں انکا ایمان شہادت مطلوب مومن ہے افواج پاکستان نہ دشمن کی کثرت سے نہ اس کے ہتھیاروں کی جدت سےخوف زدہ ہوتی ہیں۔
ہمارے بہت سے مفکرین کا خیال ہے کہ اقومِ متحدہ کا ادارہ ایک ایسی عالمی طاقت ہے وہ اگر چاہے تو وہ بھارت کی مسلم دشمنی کارروائیوں کو رکوا سکتا ہے۔ کیا اس عالمی ادارے نے اب تک کہیں مسلم دشمن کارروائی کو کبھی رکوایا ہے؟ سوویت یونین ٹوٹنے پر اس سے ملحق ریاستوں میں یہود ونصاریٰ نے کیا کچھ نہیں کیا۔
بوسنیا ہرزوگونیا میں ہونیوالے مسلم قتلِ عام کو مسلم دنیا کے شدید احتجاج کے باوجود اس نے خاموشی کے سوا کچھ نہیں کیا۔ اب موجودہ حالات میں عراق شام یمن افغانستان لیبیا میں مسلم قتل عام پر اقوام متحدہ نے مسلمانوں کی ہمدردی اور حفاظت کیلئے کیا کیا سواے خاموش تماشائی کے۔
اب کشمیر میں ہونیوالے ظلم و بربریت کے خلاف تمام تر ہونیوالے مسلم احتجاج کے کیا کوئی عملی اقدام لیا ایسا احساس ہو رہا ہے کہ یہ ایک مسلم متعصب ادارہ ہے کیونکہ جب کبھی کہیں یہود ونصاریٰ کو معمولی سی بھی زک پہنچتی ہے تو اسی عالمی ادارے کے سینے میں شدید درد اٹھتا ہے اور لمحوں میں عملی اقدام اٹھ جاتا ہے پوری اقوام متحدہ سینہ سپر ہوکر کھڑی ہو جاتی ہے۔
اس ادارے کے ایسے رویوں کو بہت پہلے ذوالفقار علی بھٹو نے محسوس کر لیا تھا۔ اسکی آواز سے آواز شاہ فیصل، یاسر عرفات، معمر قذافی اور کئی مسلم حکمرانوں نے ملائی تھی جو ان تمام مسلم دشمن قوتوں کےحلق میں پھنس کر رہ گئی تھی ۔
دنیا کے تمام مالی معاملات چونکہ یہودیوں کےقبضے میں ہیں وہ کیسے برداشت کر سکتے تھے کہ سونے کے انڈے دینے والی چڑیا انکے ہاتھوں سے نکل جائے۔ انھوں نے سازش کے جال بچھائے اور اپنا مقصد حاصل کر لیا آج وہ اپنی معاشی پالیسیوں سے ہی دنیا کو ناکوں چنے چبوا رہے ہیں۔
کشمیر ہو یا پاکستان یہودو نصاریٰ کی سازشوں کا شکار ہیں۔ گزشتہ دنوں خود اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کھل کر اقرار کیا کہ انھوں نے پاکستان کے اندرونی اور بیرونی معاملات میں پوری پوری مداخلت کی۔
شام یمن اردن افغانستان ایران میں مسلم ہلاکتوں میں درپردہ شامل رہے ہیں اور رہیں گے جب تک مسلمانوں کی اینٹ سے اینٹ نہ بجادی جائیگی۔ اسرائیل چین سے نہیں رہ سکتا ایک چھوٹے سے خطے پر محیط ملک اپنی سازشوں سے دنیا پر حکومت کر رہا ہے مسلمانوں کو دنیا میں جہاں کہیں بھی جو نقصان پہنچ رہا ہے اسکے پسِ پشت اسرائیل ہوتا ہے یہ بات خود اسرائیلی وزیراعظم نے اپنی پارلیمنٹ سے کہی ہے۔ اسرائیل بھارت کیساتھ کھل کر کھڑا ہے ۔
اسی سبب بھارت پاکستان کو طرح طرح کی دھمکیاں دے رہا ہے کہ پاکستان کسی بھی طرح طیش میں آکر جنگ میں پہل کر دے تاکہ تمام عالمی قوتیں پاکستان کو ہی مورد الزام گردانیں اور بھارت کو حمایت حاصل رہے۔
اللہ نہ کرے کہ کبھی ایسا وقت آئے یقیناً مودی جلد اپنے ہی کھودے ہوئے گڑھے میں گرنے والا ہے۔ پاکستان کا اللہ حافظ و ناصر ہے۔ اس کی حفاظت کی پشت پر اللہ کا ہاتھ ہے اور ان شاء اللہ رہے گا۔