کورونا کا خوف، سونی اور ایمازون کی موبائل ورلڈ کانگریس میں شرکت سے معذرت

فوٹو: بشکریہ ٹیک کرنچ

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی سب سے بڑی ایگزیبیشن دی موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈیبلیو سی) 2020 بھی متاثر ہوئی ہے۔

موبائل ورلڈ کانگریس کا انعقاد اسپین کے شہر بارسلونا میں کیا جائے گا جو کہ رواں سال 24 تا 27 فروری تک جاری رہے گا۔

دی موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی) موبائل انڈسٹری کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ایگزیبیشن ہے جہاں دنیا بھر سے موبائل اور ٹیکنالوجی کمپنیاں شرکت کریں گی۔

تاہم یہ ایونٹ بھی چین سمیت دنیا بھر میں تیزی سے پھلینے والے کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوگا کیونکہ متعدد کمپنیوں کی جانب سے اس ایونٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق موبائل کمپنی ایل جی، زیڈ ٹی ای، این ویڈیا، اور ایریکسن کے بعد اب مقبول ترین ٹیکنالوجی کمپنی سونی اور ایمازون نے بھی کورونا وائرس کے پیشِ نظر اس ایونٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

اس ضمن میں سونی کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ’کمپنی کورونا وائرس کی صورتحال کو اچھے سے دیکھ رہی ہے، جسے عالمی ادارہ برائے صحت کی جانب سے دنیا میں ایمرجنسی کی صورتحال قرار دیا جا چکا ہے، اسی کے پیشِ نظر ہم نے اپنے صارفین، ملازمین، ساتھی اور میڈیا کی صحت اور حفاظت کے لیے یہ مشکل فیصلہ کیا ہے‘۔

بیان کے مطابق کمپنی اسپین کے شہر بار سلونا میں منعقد ہونے والے دی موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈیبلیو سی) میں شرکت نہیں کرے گی۔

دوسری جانب ایمازون کی جانب سے بھی ایونٹ میں شرکت نا کرنے کا یہی جواز بتایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسپین ہیلتھ منسٹری کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 2 کیسز رپورٹ کیے جا چکے ہیں۔

مزید خبریں :