11 فروری ، 2020
اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اپنے استعفے کی تردید کردی۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا کہ عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا، فی الحال خرابی صحت کی وجہ سے ذمہ داریاں نہیں سنبھال رہا۔
واضح رہے کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی رواں ماہ دوسری مرتبہ رخصت پر گئے ہیں جس کی وجہ انہوں نے خراب صحت بتائی ہے جب کہ شبر زیدی کے عہدہ چھوڑنے کی خبریں بھی زیر گردش ہیں اور یہ اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم شبر زیدی کی جگہ اب کسی اور کو ایف بی آر کا چیئرمین لگائیں گے۔
گزشتہ دنوں تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے انکشاف کیا کہ شبر زیدی کو مافیاز کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
شبر زیدی کے رخصت پر جانے کے بعد گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے بھی جانے کی خبریں زیر گردش تھیں جن کی کل وزیراعظم نے تردید کی ہے۔