Time 11 فروری ، 2020
پاکستان

گندم اور چینی کے بحران کی انکوائری رپورٹ سامنے لائی جائے گی، حماد اظہر

گیس کا محکمہ بھی پہلی مرتبہ سابقہ حکومت کی وجہ سے خسارے میں گیا،حماد اظہر،فوٹو:قومی اسمبلی ٹوئٹر

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر  کا کہنا ہے کہ گندم اور چینی کے بحران پر انکوائری  رپورٹ منظر عام پرلائی جائے گی، بجلی کے نرخ بڑھنےکی وجہ گزشتہ حکومت میں کیے گئے معاہدے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ گندم اور چینی کے بحران پر انکوائری کی گئی ہے ، اس کی رپورٹ  سامنے لائی جائے گی۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ  آج کابینہ کے فیصلے کے بعد چینی کی قیمت میں کمی ہوگی، ایک پیکج کا اعلان آج کریں گے، دوسرے کا اگلے ہفتے میں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخ بڑھنے کی وجہ گزشتہ حکومت میں کیےگئے معاہدے ہیں،گیس کا محکمہ بھی پہلی مرتبہ سابقہ حکومت کی وجہ سے خسارے میں گیا، ن لیگ کے وزیرخزانہ نےکہا تھا کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بیل آؤٹ کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ان کے دور کے آخری دنوں میں معاونت بند کردی تھی،انہوں نے قرضہ لے کر 400 ارب روپے کا گردشی قرضہ کلیئر کیا، پھر دوبارہ گردشی قرضہ 1200 ارب روپے تک پہنچادیا۔

' آپ کے خسارے ہمیں پورے کرنے پڑ رہے ہیں'

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانا مشکل فیصلے ہوتے ہیں، جب حکومت سنبھالی توملک ڈیفالٹ کے قریب تھا، آپ کے خسارے ہمیں پورے کرنے پڑ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور کا مزید کہنا تھا کہ کوئی مجبوری ہوتی ہے جس کی وجہ سے بجلی اورگیس کی قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں، ہماری حکومت کے آغاز میں کرنسی بہت زیادہ پریشر میں تھی ،کرنسی ڈی ویلیو تحریک انصاف کی وجہ سے نہیں ہوئی، اس کی وجہ سے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں کی تقریر کے جواب میں حماد اظہر کا کہنا تھا کہ یہ ہمیں کنٹینر کا طعنہ دیتے ہيں جب کہ یہ خود کنٹینر پر سیلفیاں لے رہے تھے اور ان کاکنٹینر بھی اپنا نہيں تھا بلکہ بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کی صورتحال تھی۔

مزید خبریں :